اردو پانچویں جماعت کے لیے
حاصلات تعلّم:
اس نظم کی تدریس کے بعد طلبہ:
1۔ حمد کو لے اور آہنگ سے پڑھیں گے
2۔ حمد کو زبانی یاد کریں گے۔
3۔ ہم قافیہ الفاظ شناخت کریں گے۔
سب ہے تیری عطا، اے خدا ! اے خدا !
یوں تو ہر شے پے ہے چشم رحمت تیری
لیکن انساں کو دی سب پہ یہ برتری
اس کو بینائی دی، اس کو دانائی دی
دل کو طاقت بدن کو توانائی دی
رہنمائی کو پیدا کیے انبیا
سب ہے تیری عطا، اے خدا ! اے خدا !
آسماں سے برستی ہوئی بارشیں
اور زمیں سے اُبلتی ہوئی نعمتیں
تیرے ہی در سے مِلتی ہیں سب راحتیں
دُور کرتا ہے سب کی تو ہی کلفتیں
شکر تیرا بھلا کس طرح ہو ادا
سب ہے تیری عطا، اے خدا ! اے خدا !
جگمگاتا ہوا بیکراں آسماں
موج در موج دریا میں آبِ رواں
غنچہ و گل سے مہکے ہوئے گلستاں
اور پھلوں سے لچکتی ہوئی ڈالیاں
لہلہاتا ہُوا سبزۂ خوش نُما
سب ہے تیری عطا، اے خدا ! اے خدا !
ِرئیس فروغ